ملک بھر میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ٹماٹر، آلو اور پیاز سمیت مختلف سبزیوں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ ٹماٹر کی قیمت میں یکمشت 8 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آمدِ رمضان کے ساتھ ہی سبزی فروشوں نے من مانی قیمتوں پر فروخت شروع کردی۔ آلو، پیاز اور ٹماٹر کے علاوہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، چینی، گھی، دال ماش اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ نے 7.8ارب روپے کے رمضان پیکج کی منظوری دے دی
وفاقی ادارۂ شماریات کا کہنا ہے کہ کیلے 100 سے 130 روپے درجن پر فروخت ہو رہے ہیں۔ ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 22 اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ فروری کے دوران مہنگائی میں 7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ قبل ازیں صرف 1 ہفتے میں 20 سے زائد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ نوٹ کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل ملک بھر میں 7 روز کے دوران 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کا اعتراف ادارۂ شماریات کی رپورٹ میں سامنے آیا۔
وفاقی ادارۂ شماریات کی مہنگائی کے اعدادوشمار سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ 7 روز قبل جاری کردی گئی جس کے مطابق 7 روز کے دوران 26 اشیائے ضروریہ مہنگی اور غریب عوام کی پہنچ سے مزید دور ہو گئیں۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں 7 روز کے دوران 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ