کراچی: قانون کا دوہرا معیار،ایم این اے اسلم خان نے موبائل مارکیٹ کے دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنایا اور مقدمہ بھی درج کرادیا۔ مذکورہ واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسلم خان نے اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے سیکیورٹی گارڈ اور ساتھیوں کے ہمراہ موبائل مارکیٹ کے دکانداروں پر تشدد کیا۔
واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پرآگئی، واقعہ افطار کے وقت صدر موبائل مارکیٹ میں پیش آیا،جھگڑا مبینہ طور پر موبائل فون کے معاملے پر ہوا، اسلم خان اپنے مسلح گارڈ اور ساتھیوں کے ہمراہ صدر عائشہ مارکیٹ باجوہ موبائل شاپ پر پہنچے۔
بات چیت کے دوران اچانک ایم این اے اسلم خان نے دکاندار کو تھپڑ جڑ دیا، جھگڑا ہوتے ہی گارڈ اور ساتھیوں نے دکانداروں پر تشددشروع کردیا، اسلم خان کے ہمراہ آئے سیکورٹی گارڈ نے اپنی گن دکانداروں پر تان لی۔
مارکیٹ صدر منہاج گلفام نے کہا ہے کہ ایم این اے اسلم خان اور ان کے ساتھی دکاندار کو اپنے ہمراہ دکان سے ساتھ لے جاتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں، تھپڑ بھی اسلم خان نے مارا، تشدد بھی کیا اور پولیس کو بھی خود ہی بلایا۔
منہاج گلفام نے کہا کہ ایم این اے صاحب نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، سی سی ٹی وی فوٹیج واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کس نے زیادتی کی۔
ایم این اے اسلم خان کے کو آرڈینیٹر سے جب اس حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ابھی تھانے میں ہیں، موقف نہیں دے سکتے،کوآرڈینیٹر نے دکاندار پر تشدد کے حوالے سے بات کرنے سے انکار کردیا۔