ڈالر کی قدر میں کمی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان میں امریکی ڈالر مزید 22 پیسے کمی کے بعد 153 اعشاریہ 33 پیسے کی سطح پر آنے کے بعد 21ماہ کی کم ترین سطح پر فروخت ہو رہا ہے،رواں مالی سال کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 9 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے جو کہ ریکارڈ اضافہ ہے، امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں ماہ فروری سے بہتری کا سلسلہ جاری ہے ،رواں مالی سال میں پاکستانی روپیہ دنیا میں اچھا پرفارم کرنے والی کرنسیوں میں سے ایک ہے جن کی قیمت اس درجے تک مستحکم ہوئی ہو۔

موجودہ دور حکومت میں گزشتہ دو سال سے امریکی ڈالر کی قیمت مسلسل اوپر جارہی تھی اور پاکستانی روپیہ بے قدر ہورہا تھااور 2020 میں کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی منڈیوں میں مندی کے باعث ڈالر 168 کی بلند ترین شرح تک پہنچ گیا تھا جس کی وجہ سے پاکستان کو شدید معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور بیرون قرضوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق یکم جنوری تا 31 مارچ 2021 کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی روپے کی قدر میں سب سے زیادہ 4.09 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں پاکستانی روپیہ دنیا کی بہترین کرنسی بن گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اس عرصہ کے دوران مختلف ذرائع سے وصول ہونے والے زرمبادلہ اور ڈالرز کی انتہائی کم بیرون ملک منتقلی کے نتیجہ میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں نمایاں استحکام ریکارڈ کیا گیا ہے اورڈالر کی قیمت 153.55 روپے تک کم ہوئی۔

پاکستان میں ڈالر کی قیمت بڑھنے کی وجہ سے مہنگائی کی شرح میں بھی اضافہ اور درآمدہ اشیاء کی قیمتیں کئی گنا زیادہ ہوگئیں۔ روپے کی قدر میں کمی سے عام آدمی بُری طرح متاثر ہوتا ہے، پاکستان میں معاشی ترقی کا اندازہ ملک کی فی کس آمدنی سے لگایا جاتا ہے، پاکستان کی فی کس آمدنی کو روپے کے بجائے ڈالر میں انڈیکس کیا جاتا ہے اورپاکستان میں رہنے کے باوجود تمام اجناس اور اشیاء عالمی منڈی کی قیمتوں کے حساب سے دستیاب ہوتی ہیں اور ایک عام پاکستانی کی زندگی پر نہ صرف عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ بلکہ ڈالر کی قیمتوں کی بلندی و پستی کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ڈالر کی قیمت میں کمی اور پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری خوش آئند ہے لیکن اس وقت ڈالر کی قیمت میں کمی کا فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، وزیراعظم پاکستان اور معاشی ٹیم مہنگائی کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور آٹا، گھی، دالیں ، چاول ، چینی، کوکنگ آئل سمیت روز مرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے اور غریب عوام کوریلیف دیا جائے۔

Related Posts