پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مشہورومعروف مزاحیہ اداکار، کامیڈین اور ٹی وی میزبان عمر شریف کی میت پاکستان میں تدفین کیلئے ترکی سے کراچی پہنچا دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے معروف کامیڈین عمر شریف کے سفرِ آخرت کے آغاز کیلئے میت کو سخت سیکیورٹی انتظامات کے تحت کراچی پہنچایا گیا۔ ان کے اہلِ خانہ نے کراچی ائیرپورٹ پر عمر شریف کا جسدِ خاکی وصول کیا۔
عمر شریف کی میت پاکستان کے سبز ہلالی پرچم میں لپیٹ کر کراچی پہنچائی گئی۔ صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ ہم کوئی نہ کوئی ادارہ لیجنڈری کامیڈین عمر شریف کے نام سے منسوب کرنا چاہتے ہیں۔ عمر شریف کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا پر نہیں کیا جاسکتا۔
شہرِ قائد میں عمر شریف کی تدفین کے انتظامات جاری ہیں۔ نمازِ جنازہ آج سہ پہر 3 بجے کراچی کے علاقے کلفٹن کے عمر شریف پارک میں ادا ہوگی جبکہ لیجنڈری کامیڈین کی خواہش کے مطابق ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ہوگی۔
ملک کی مشہورومعروف شخصیات نے عمر شریف کے انتقال پر تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والوں میں عمر شریف کا نام نمایاں ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ عمر شریف ہم میں نہیں رہے لیکن ان کی باتیں ہمیشہ ہمارے درمیان رہیں گی۔ میں عمر شریف کے بیٹے سے مسلسل رابطے میں ہوں۔ عمر شریف کی نمازِ جنازہ کیلئے عمر شریف پارک میں صفائی ستھرائی کے احکامات دئیے جاچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے عمر شریف کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔ عوام سے گزارش کرتا ہوں کہ نمازِ جنازہ اور تدفین میں شریک ہوں۔ پوری کوشش ہے کہ لیجنڈری کامیڈین کے اہلِ خانہ کو ہر ممکن سہولت دیں۔ جب وقت آتا ہے تو ہر ممکن مدد کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوٹ لالو کے قریب ریلوے لائن پر کریکر دھماکہ، ٹریک ٹوٹ گیا