کراچی پولیس نے شہر میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے بارودی مواد برآمد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تحریکِ طالبان (ٹی ٹی پی) کے دو دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا۔
پولیس نے 1 کلو سے زائد بارودی مواد اور ڈیٹونیٹر وائرز تحویل میں لے لیں۔ گرفتار دہشت گرد افغانستان سے عسکری تربیت یافتہ ہیں۔دونوں دہشت گردوں نے افغانستان میں نیٹو فورسز پرحملوں میں ملوث ہونے کا انکشاف بھی کیا۔
دونوں دہشت گرد اغواء برائے تاوان اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔امیر زادہ عرف مخلص نے 2001 میں ٹی ٹی پی میں شمولیت اختیار کی جس کے ساتھیوں میں جہاد یار، امین جانان، ملا عثمان، عبداللہ عرف ملاشامل ہیں۔
امیر زادہ عرف مخلص کے تمام ساتھی مختلف اوقات میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلوں کے دوران ہلاک ہوئے جن میں میر رحمان عرف حاجی اور فضل رحمان عرف ابو خالد بھی شامل ہیں۔
دوسرا گرفتار دہشت گرد تاج ولی ٹی ٹی پی کے لوکل کمانڈر قاری قیوم کے اکسانے پر کم و بیش 11برس قبل تحریکِ طالبان میں شامل ہوا اور افغانستان اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردی میں ملوث رہا۔ تحویل میں لیے گئے بارودی مواد پر تفتیش جاری ہے۔
حال ہی میں افغانستان سے کراچی آنے والے دہشت گرد کراچی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی شروع کردی۔تفتیش میں مزید انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی افغانستان سے اسپانسرڈ ہے، فواد چوہدری