لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل 7کے فائنل میں پہنچنے والی ایک ٹیم کا فیصلہ آج ہوگا جس کیلئے لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ کھیلیں گی۔
تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں آج شام ساڑھے 7 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں ٹیموں میں سے کوئی ایک فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گی۔
پی ایس ایل7کا دلچسپ میچ، پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی
پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی پوزیشن دیگر ٹیمز کے مقابلے میں مضبوط ہے۔ محمد رضوان کی کپتانی میں ٹیم نے 10 میں سے 9 میچ جیت کر 18 پوائنٹس حاصل کیے جو پی ایس ایل میں ایک ریکارڈ ہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گروپ مرحلے میں سب سے زیادہ میچز جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے تاہم قلندرز کیلئے خوش آئند بات یہ ہے کہ لاہور قلندرز ایک بار ملتان سلطانز کو ہراچکے ہیں۔
موجودہ سیزن کے دوران ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز دو بار مدِ مقابل آئے اور ایک بار سلطانز نے قلندرز کو جبکہ دوسری بار لاہور نے ملتان کو شکست دی۔ پی ایس ایل کے تمام سیزنز میں دونوٹ ٹیمز 11بار مدِ مقابل آئیں۔
قلندرز کی ٹیم نے ملتان سلطانز کو 11 میں سے 5 جبکہ سلطانز نے انہیں 6 بار شکست دی۔ آج کا میچ جیتنے والی ٹیم پی ایس ایل 7 کے فائنل میں پہنچے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کو ایک اور موقع دیا جائے گا۔ ایلیمنٹر ون کی ٹیم فائنل تک رسائی حاسل کرسکے گی۔