ریڈ کراس کے تحت علمائے کرام کیلئے دو روزہ تربیتی پروگرام

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (ICRC) اور انسٹی ٹیوٹ آپ پالیسی اسٹڈیز (IPS) اسلام آباد کے اشتراک سے کراچی کے مقامی ہوٹل میں اسلامی رسائل، جرائد، میگزینز اور مجلات کے ایڈیٹرز کیلئے ”مسلح تصادم اور ہنگامی حالات کے دوران صحافت” کے عنوان سے دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

ورکشاپ میں کراچی، اندرون سندھ اور بلوچستان سے موقر اسلامک پبلی کیشنز، ماہنامہ و ہفت روزہ رسائل و مجلات کے مدیر حضرات اور مختلف دینی اداروں اور مکاتب فکر کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ورکشاپ کے دوران آئی سی آر سی کے ریجنل ہیڈ اسلامک لا ڈاکٹر پروفیسر ضیاء اللہ رحمانی، آئی پی ایس کے ریسرچ فیلو سید ندیم فرحت، معروف صحافی عامر لطیف، فیض اللہ خان، شبیر سومرو، محمد طاہر، ZABIST کے ڈاکٹر بلال صدیقی و دیگر نے ہنگامی حالات اور انسانی بحران کے دوران انسان دوستی کے تقاضوں کے مطابق صحافتی ذمے داریوں کی انجام دہی کے مختلف طریقوں اور مہارتوں پر روشنی ڈالی۔

ورکشاپ میں ٹرینرز نے آئی سی آر سی کے تکریم انسانیت کے اصولوں کی روشنی میں انسانی المیوں، قدرتی آفات، زلزلوں، سیلابوں، خانہ جنگیوں، مذہبی اور سیاسی بنیاد پر خونریز تصادم کی صورتحال کے دوران صحافتی امور کی انجام دہی کی تربیت اور آگہی فراہم کی۔

شرکاء کو اس امر کی آگہی دی گئی کہ صحافت کے ذریعے کس طریقے سے انسانی بحرانوں اور المیوں کے دوران ضروت مند افراد کی بلا تفریق رنگ و نسل و مذہب مدد کی جا سکتی ہے۔

مقررین نے پاکستانی سوسائٹی میں دینی اسکالرز اور علمائے کرام کے اثر و رسوخ اور مسجد و منبر کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ دینی رہنما اور ادارے سوسائٹی میں بلا امتیاز انسانی بنیاد پر ہر ضرورت مند اور مشکل کا شکار فرد کی مدد کے جذبے کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ مسلح تصادم اور ہنگامی حالات کے دوران پیدا ہونے والے انسانی المیوں کی شدت اور پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

ورکشاپ کے اختتام پر آئی سی آر سی پاکستان کے ڈیلی گیشن ہیڈ نکولس لیمبرٹ، آئی سی آر سی کے ایڈوائزر اسلامی قانون ڈاکٹر ضیاء اللہ رحمانی اور آئی پی ایس کے جنرل منیجر آپریشن نوفل شاہ رخ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور شرکاء میں اسناد اور تحائف تقسیم کیے۔

Related Posts