ترکی میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں معروف ترک سیریز کورولش عثمان میں اہم کردار نبھانے والے اداکار ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔
ترک میڈیا کے مطابق کورولش عثمان میں اہم کردار نبھانے والے اداکارجاگدس جانکایا اور ان کی اہلیہ زلان ٹگرس بھی ان ہزاروں افراد میں شامل ہیں جو زلزلے کے ملبے تلے دب کر انتقال کرگئے۔
پروڈکشن کمپنی بوزداغ فلم کی جانب سے انسٹاگرام پر جاگدس اور ان کی موسیقار اہلیہ زلان کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔
ترکی میں زلزلہ، 28 سالہ تُرک گول کیپر ملبے تلے دب کر جاں بحق
پروڈکشن کمپنی کی جانب سے دونوں کی تصویر بھی شیئر کی گئی ہے اور اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ اداکار جاگدس جانکایا اہلیہ سمیت ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ ساتھ ہی ان کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی گئی۔
واضح رہے کہ جاگدس جانکایا نے اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق ترک ڈرامہ سیریز عثمان غازی المعروف ‘کورولش عثمان’ میں قونیہ محل کے ایک اہم سپاہی کا کردار نبھایا تھا۔
معلوم رہے کہ ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے اموات کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ترکیہ میں 29 ہزار 605 اور شام میں 4 ہزار 500 اموات ہوئی ہیں۔