اسلام آباد: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان 2 روزہ دورے پر کل پاکستان آئیں گے، دفتر خارجہ کی جانب سے ان کے دورے کا شیڈول جاری کردیاگیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق طیب اردوان وزیراعظم عمران خان کی دعوت پرکل 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے، ان کے ساتھ کابینہ ارکان، سینئر حکام اور ترک کارپوریشنز کے سربراہان پر مشتمل وفد بھی ہوگا۔
ترک صدر کی پاکستان آمد سے متعلق سیکورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، نور خان ایئربیس کے گرد سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، ترک صدر کے دورے کے دوران اہم معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔
ترک صدر کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوگی جبکہ دونوں رہنما پاک ترک اعلیٰ سطح سٹریٹجک مشترکہ سیشن کی صدارت بھی کریں گے، ترک صدرپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔
اس کے علاوہ طیب اردوان اور عمران خان پاک ترک بزنس اینڈ انوسٹمنٹ فورم سے خطاب کریں گے، دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی گہرے تعلقات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ترک صدر رجب طیب اردوان 13 فروری کو اسلام آباد پہنچیں گے،تیاریاں مکمل