ترکی نے داعش سربراہ البغدادی کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا۔طیب اردوان کی تصدیق

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ترک صدر رجب طیب اردوان نے تصدیق کی ہے کہ ترکی نے داعش کے سربراہ البغدادی کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا جبکہ انہوں نے شام میں داعش کے مقتول خلیفہ کی بہن اور بہنوئی کو بھی گرفتار کیا ہے۔

انقرہ یونیورسٹی میں تقریر کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ امریکا کی طرف سے بیان آیا کہ البغدادی نے سرنگ میں خودکشی کر لی، لیکن ان کی طرف سے ایک ابلاغی مہم شروع ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے ایران کی جوہری سرگرمیوں کو غلط سمت میں بڑا قدم قرار دے دیا

رجب طیب اردوان نے کہا کہ میں یہاں پہلی بار اعلان کر رہا ہوں کہ ہم نے البغدادی کی بیوی کو گرفتار کر لیا ہے لیکن امریکا کی طرح ترکی کی طرف سے شوروغل نہیں مچایا گیا۔

طیب اردوان نے کہا کہ ہم نے شام میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے مقتول خلیفہ ابوبکر البغدادی کی اہلیہ کے ساتھ ساتھ اس کی بہن اور بہنوئی کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے داعش سربراہ ابو بکر البغدادی کو  ہلاک کیے جانے کے بعض مناظر پرمبنی فوٹیج جاری کی کہا کہ البغدادی کو ہلاک کیے جانے کے 24 گھنٹے بعد اس کی لاش کو سمندر میں پھینک دیا گیا تھا۔

سنٹرل کمانڈ کے کمانڈرجنرل کینتھ میک کینزی نے 31 اکتوبر کو کہا کہ داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی نے خود کو بارودی جیکٹ کے دھماکے میں ہلاک کیا جب کہ 5 دوسرے داعشی جنگجوئوں کو بھی اس آپریشن میں قتل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: امریکا نے البغدادی کے خلاف آپریشن کی ویڈیو فوٹیج جاری کر دی