ترک ائیر لائن کی پاکستانی پھل یورپ برآمد کرنے کیلئے سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی

مقبول خبریں

کالمز

zia
امریکا کا یومِ قیامت طیارہ حرکت میں آگیا۔ دنیا پر خوف طاری
Firestorm in the Middle East: Global Stakes on Exploding Frontlines
مشرق وسطیٰ میں آگ و خون کا کھیل: عالمی امن کیلئے خطرہ
zia-2
آٹا 5560 روپے کا ایک کلو!

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

رمضان میں پھل عوام کی پہنچ سے دور ہوگئے، شہری انتظامیہ تماشائی بن گئی
رمضان میں پھل عوام کی پہنچ سے دور ہوگئے، شہری انتظامیہ تماشائی بن گئی

ترکش ایئرلائن نے پاکستان سے پھل اور سبزیوں کی فرینکفرٹ، لندن اور دیگر مغربی منڈیوں تک ترسیل کے لیے فریٹ چارجز پر نظر ثانی اور سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی ہے۔

قومی ایئرلائن کی یورپ کے لیے پروازوں پر 6 ماہ کی پابندی کے بعدپھل اور سبزیوں کی ایکسپورٹ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے استنبول میں پاکستان کے کمرشل قونصلر بلال خان پاشا نے گزشتہ ہفتہ ترکش ایئرلائن کے چیئرمین  الکر آئسی سے ملاقا ت کی اور پاکستان سے کمرشل پروازوں کے آغاز بالخصوص ترکش ایئرلائن کے ذریعے پھل اورسبزیوں کی یورپی یونین کو ترسیل پر بات چیت کی۔

ملاقات میں ترکش ایئرلائن کے چیئرمین نے پاکستان کے لیے پروازوں کے آغاز اور یورپی یونین کے لیے پھل  اور سبزیوں کی ترسیل کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس ملاقات کے تناظر میں پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کی قیادت میں ایکسپورٹرز کے ایک وفد نے ترکش ایئرلائن کے پاکستان میں جنرل منیجر گورہن سوزن سے ملاقات کی۔ پی ایف وی اے کے اراکین شہزاد وڑائچ، سعید خان،محمد ذوالفقار اور شازیہ متین بھی وفد میں شامل تھے۔

وحید احمد کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں پر 6 ماہ کی پابندی کی وجہ سے پاکستانی ایکسپورٹرز اس سہولت سے محروم ہوگئے جو قومی ایئرلائن نے پھل اور سبزیوں بالخصوص آم کی برآمدات کی لاگت کو کم کرنے کے لیے رعایتی فریٹ کی شکل میں فراہم کی تھی اور ایک بار پھر پاکستانی ایکسپورٹرز غیرملکی ایئرلائنز کے بھاری فریٹ چارجز کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔

سرپرستِ اعلیٰ فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن وحید احمد نے کہا کہ استنبول میں پاکستان کے کمرشل قونصلر بلال خان پاشا نے پاکستانی ایکسپورٹرز بالخصوص پھل اور سبزیوں کی ایکسپورٹ کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ترکش ایئرلائن کے چیئرمین سے بات کرکے پاکستان کے لیے ترکش ایئرلائن کے تعاون پربات چیت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستان کا برادر اسلامی ملک ہے اور پاکستان کی ایئرلائن میں افرادی قوت کے بحران کے دوران درپیش مسائل کے حل کے لیے ترکش ایئرلائن نے خصوصی تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر غیرملکی ایئرلائنز یورپ کے لیے بھاری فریٹ چارج کررہی ہیں اس صورتحال میں پاکستان کے لیے فضائی راستے سے آم اور دیگر پھل سبزیوں کی ایکسپورٹ جاری رکھنا مشکل تر ہوگیا ہے۔

ایسے حالات میں ترکی کی ایئرلائن کے پاکستان کیلئے تعاون کی پیش کش کو سراہتے ہوئے وحید احمد نے کہا کہ ترکش ایئرلائن کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لیے پی ایف وی اے کے وفد کی جنرل منیجر گورہن سوزن  سے ملاقات بہت کارآمد رہی۔ پاکستانی ایکسپورٹرز نے ترکش ایرلائن سے پاکستانی پھل سبزیوں کی یورپ، برطانیہ اور کینیڈا تک ترسیل کے لیے فریٹ میں رعایت اور جلد تلف ہونے والی اشیاء یعنی پھل اور سبزیوں کی کنسائمنٹ کے لیے خصوصی سہولتوں کی فراہمی پر زور دیا۔

اس موقع پر پی ایف وی اے کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد نے کہاکہ ترکی اور پاکستان مشترکہ اسلامی ثقافت اور بھائی چارے کے گہرے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور ہر مشکل وقت میں دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ کورونا  کی عالمی وباء کے معاشی اثرات کی وجہ سے پاکستان کی معیشت دباؤ کا شکار ہے اور ایکسپورٹ میں اضافہ کرکے پاکستان کی معاشی مشکلات کم کی جاسکتی ہیں۔

 ترکش ایئرلائن کے تعاون کو پاکستان کی ایکسپورٹ کو برقرار رکھنے اور برآمد ی اہداف حاصل کرنے میں معاون قرار دیتے ہوئے وحید احمد نے کہا کہ پاکستان کے پھل اور سبزیوں کے ایکسپورٹرز ترکش ایئرلائن کے ساتھ طویل مدتی بنیادوں پر شراکت کے خواہش مند ہیں۔

 جنرل منیجر ترکش ائیر لائن گورہن سوزن نے فریٹ چارجز میں کمی اور بہترین سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ ترکش جنرل منیجر نے پی ایف وی اے سے ایکسپورٹ کے حجم کی تفصیلات بھی طلب کرلیں تاکہ ہر شپمنٹ میں ممکنہ اوسط کارگو کے لیے درکار گنجائش کا اندازہ لگایا جاسکے۔

پی ایف وی اے ترکش ائرلائن کو یورپ، برطانیہ، کینیڈا اور دیگر ملکوں کے لیے آم اور دیگر پھل سبزیوں کے لیے درکار گنجائش اور کارگو کے والیوم کی تفصیلات جلد ا ز جلد  فراہم کرے گی تاکہ ترکش ایئرلائن کی مدد سے ان مقامات تک پاکستانی پھل اور سبزیوں کی ترسیل کو ممکن بنایا جاسکے۔

پاکستانی وفد نے جنرل منیجر ترکش ایئرلائن  گورہن سوزن کو پاکستان کے خوش ذائقہ آم کا تحفہ بھی پیش کیا۔ وحید احمد کے مطابق ترکش ایئرلائن کے ریجنل کارگو ڈائریکٹر ساؤتھ ایشیاء ہالٹ ٹینسر نے بھی پاکستان سے پھل سبزیوں کی ایکسپورٹ کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ایئرلائن کے ڈائریکٹر ساؤتھ ایشیاء نے بتایاہے کہ ترک ایئرلائن نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازوں کے آغاز کا شیڈول مرتب کرلیا ہے جس کے ذریعے پاکستان سے پھل اور سبزیوں کے ایکسپورٹرز کو سہولت کی فراہمی سے ہمیں خوشی ہوگی۔

 تعاون کی فراہمی کے لیے بات چیت کے آغاز میں وحید احمد نے استنبول میں تعینات پاکستانی قونصلر بلال خان پاشا کی کاوشوں کی تعریف کی۔ وحید احمد نے کہا کہ پاکستان کے کمرشل قونصلرز کے لیے بلال خان پاشا ایک مثال ہیں جو پاکستان اور ترکی کے درمیان معاشی روابط مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی ایکسپورٹرز کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے انتھک محنت کررہے ہیں۔

Related Posts