کراچی میں اپوزیشن جماعتوں کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کے دوران شہریوں کیلئے متبادل راستوں پر مشتمل ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج پی ڈی ایم مزارِ قائد کے عقب میں واقع باغِ جناح میں جلسۂ عام منعقد کر رہی ہے جس میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ شہرِ قائد کی مختلف سڑکیں عام گاڑیوں کے داخلے کیلئے بند ہوں گی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
شہرِ قائد کے عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے کراچی پولیس کے ٹریفک سیکشن نے متبادل راستوں کا پلان جاری کردیا ہے جس کے مطابق نمائش سے آنے والے راستے تین ہٹی اور جمشید روڈ سے بند ہوں گے جہاں سے عام شہری داخل نہیں ہوسکیں گے جبکہ جیل چورنگی اور جمشید روڈ سے گاڑیاں سولجر بازار کی طرف موڑی جائیں گی۔
شاہراہِ قائدین سے آنے والی گاڑیاں نورانی سگنل سے آگے نہیں جاسکیں گی۔ ناظم آباد سے گرومندر کی سڑک پر بڑی گاڑیاں اور عوامی ٹرانسپورٹ بند رہے گی جبکہ یونیورسٹی روڈ کی گاڑیاں شہیدِ ملت کی طرف موڑ دی جائیں گی۔ ناظم آباد سے تین ہٹی اور گرومندر کی طرف بڑی گاڑیوں کو سفر نہیں کرنے دیا جائے گا۔
ایسی بڑی گاڑیاں سائٹ ایریا سے لیاقت آباد 10 نمبر اور پھر سہراب گوٹھ سے اپنی منزل کی طرف جاسکیں گی۔حیدر آباد سے شرکائے جلسہ کی پارکنگ طائی کراٹے گراؤنڈ اور نشتر روڈ پر ہوگی۔
ضلع غربی سے شرکائے جلسہ گاڑیاں گارڈن چوک، پاک کالونی وار صدر دوا خانے کے قریب کھڑی کرسکیں گے۔ ساؤتھ کی گاڑیاں خداداد انڈر بائی پاس، شاہراہِ فیصل اور شاہراہِ قائدین کے قریب پارک کی جاسکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: سُنا ہے کرپٹ مسخروں کا سرکس کراچی آ رہا ہے.علی زیدی کی تنقید