لندن:دیار غیر میں یعنی پاکستان سے باہر بھی پاکستانی اپنی روایات کو نہیں بھولے،لندن جیسے ترقی یافتہ ملک میں بھی پاکستانی اپنی فیملیز کے ساتھ دیسی کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور ملک سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی نژاد ملک ہاشم نے بتایا کہ ہم گزشتہ نو سال سے لندن میں مقیم ہیں اور یہاں پر اپنی روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں، ہم نے یہاں پر پاکستانی فیملیز کو پاکستان جیسے کھانے کا ماحول فراہم کیا ہوا ہے۔
ہماری سب سے زیادہ مشہور ڈشز میں چکن کڑاہی،مٹن کڑاہی، چپلی کباب، سیخ کباب، کابلی پلاؤ، میھٹی لسی، مینگو لسی، منٹ سوڈااور روغنی نان ہیں،یہاں پر پاکستانی فیملیز ہفتہ اور اتوار کو اپنے گھر والوں عزیز واقارب کے ساتھ آ کر مزیدار کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم اسی طرح پاکستانی کھانوں کو دیگر اقوام میں متعارف کراتے رہیں،جس سے ملک و قوم کا نام روشن ہو اور ہماری ثقافت کا بھی پتہ چلے۔
الہاشم خیبر ریسٹورنٹ میں موجود کھانا کھانے والی پاکستانی نژاد برطانوی فیملیز نے ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں پر بہت عرصے سے رہائش پذیر ہیں پاکستان جانا بہت کم ہوتا ہے ہماری ایک نسل یہاں پیدا ہوئی ہے۔
ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم پاکستان سے جڑی ہر چیز کے متعلق اپنے لندن میں پرورش پانے والے بچوں کو بتائیں، اس لیے ہم پاکستانی کھانوں کا مزہ لینے کے لئے دیسی ریسٹورنٹس کا رخ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں پر کھانا تو ایک بہانہ ہے،اصل میں اپنے بچوں کو اپنا کلچر بتانا مقصود ہے،ہمارے بچے بھی بڑے شوق سے تمام دیسی ڈشز کھاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی کے 3 منفرد مقامات جہاں لذیذ اور مصالحے دار کڑاہی کھائی جاسکتی ہے