اسلام آباد: وفاقی ادارۂ شماریات نے درآمدات وبرآمدات کے اعدادوشمار جاری کردئیے، گزشتہ 7 ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 28 ارب 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملکی تجارتی خسارہ رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں 91 اعشاریہ 97 فیصد تک بڑھ گیا۔ ادارۂ شماریات کا کہنا ہے کہ جولائی تا جنوری کے دوران تجارتی خسارہ 28 ارب 80 کروڑ ڈالر تک ہوگیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 15ارب ڈالر تھا۔
اسٹاک مارکیٹ، 46 ہزار پوائنٹس کی حد عبور
جولائی تا جنوری کے دوران ملکی درآمدات میں 58.84 فیصد اضافہ ہوا۔ رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں درآمدات کا حجم 46 ارب 47 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران درآمدات کا حجم 29 ارب 25 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھا۔
رواں مالی سال کے 7ماہ میں برآمدات میں 23 اعشاریہ 96 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں برآمدات کا حجم 14 ارب 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تھا جبکہ جنوری کے دوران ماہانہ بنیادوں پر برآمدات 7.89 فیصد کم ہوئیں۔
ادارۂ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جنوری کے دوران سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں 18.69 فیصد اضافہ ہوا۔ جنوری میں برآمدات 2 ارب 54 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہیں۔ دسمبر 2021 میں برآمدات 2 ارب 76 کروڑ 40لاکھ ڈالرز رہیں۔
گزشتہ مالی سال جنوری 2021 میں برآمدات 2ارب 14 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تھیں۔ جنوری میں ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارہ 30.19 فیصد کم ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر خسارے میں 26.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تجارتی خسارہ 3ارب36کروڑ20لاکھ ڈالرز رہا۔