ہالی وڈ کے عالمی شہرت یافتہ اداکار اور ایکشن ہیرو ٹام کروز کو ان کی فلمی خدمات کے اعتراف میں زندگی بھر کے اعزاز کے طور پر ایک اعلیٰ اعزازی انعام سے نوازا جائے گا۔
یہ اعلان فلمی فنون کی عالمی تنظیم نے اپنی سالانہ تقریب “گورنرز ایوارڈز” کے سلسلے میں کیا ہے جو رواں برس 16 نومبر کو لاس اینجلس میں منعقد ہوگی۔
اس موقع پر ٹام کروز کے ساتھ معروف اداکارہ ڈیبی ایلن اور ممتاز پروڈکشن ڈیزائنر وِن تھامس کو بھی اعزازی انعامات دیے جائیں گے جبکہ عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ اور موسیقار ڈولی پارٹن کو انسانی خدمت کے میدان میں ان کے کردار کے اعتراف میں انسانیت کا اعزازی انعام دیا جائے گا۔
تنظیم کی صدر جینیٹ یانگ کے مطابق ٹام کروز کی فلمی صنعت سے غیر معمولی وابستگی، بڑے پردے پر ناظرین کو جادوئی تجربہ دینے کی لگن، اور خطروں سے بھرپور مناظر کے شعبے میں ان کی محنت ہم سب کے لیے باعثِ تحریک ہے۔
واضح رہے کہ ٹام کروز گزشتہ کئی دہائیوں سے فلمی صنعت میں سرگرم ہیں اور دنیا کے کامیاب ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے عالمی وبا کے دوران ’ٹاپ گن میورک‘ جیسی کامیاب فلم کے ذریعے سینما گھروں کو دوبارہ آباد کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
یہ اعزاز فلمی صنعت میں عمر بھر کی غیر معمولی خدمات، سنیما کی ترقی میں اہم کردار اور تنظیم کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کو دیا جاتا ہے۔انہیں اب تک تین مرتبہ بہترین اداکار کے انعام کے لیے نامزد کیا جا چکا ہے۔