اسلام آباد: پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی کے مابین معاملات طے پا گئے ہیں، میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج ختم کرنے کیلئے معاہدہ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیرِ مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اور ممتاز عالمِ دین مفتی منیب الرحمان پر مشتمل سرکاری ٹیم نے کالعدم تنظیم کے رہنماؤں سے مذاکرات کیے۔
کالعدم جماعت سے مذاکرات، حکومت نے 12 رکنی کمیٹی قائم کردی
ٹی ایل پی کا احتجاج، پنجاب میں نظام زندگی درہم برہم
میڈیا ذرائع (سماء ٹی وی)کا دعویٰ ہے کہ جلد ہی پریس کانفرنس کے ذریعے ٹی ایل پی کا دھرنا ختم ہونے سے متعلق اعلان کیا جائے گا جبکہ ہفتے کے روز وزیر اعظم عمران خان نے بھی مارچ ختم کرنے کیلئے ٹی ایل پی رہنماؤں سے بات چیت کی تھی۔
وفاقی وزیرِ مذہبی امور نور الحق قادری کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ کالعدم تنظیم سے مذاکرات کیلئے 12رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ملک بھر کے مذہبی رہنماؤں اور علماء نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور معاملہ ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیرِ مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ہمیشہ مذاکرات کا خیر مقدم کیا ہے، تاہم ریاست کی رِٹ پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ امید ہے کہ 12 رکنی کمیٹی کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات میں جلد پیش رفت سامنے لائے گی۔