لاہور: وزیراعظم عمران خان نے فوری طور پر پنجاب کے اضلاع میں بلدیاتی ہوم ورک شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی ابھی سے تیاری کرنا ہو گی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کی نگرانی خود کروں گا،کارکنان کے اعتماد کے بعد امیدوار وں کا چناؤ کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں پارٹی کی اعلی قیادت اور سینئر رہنماؤں نے مشاورت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار، گورنر پنجاب چودھری سرور، وفاقی و صوبائی وزرا ء فواد چودھری، شفقت محمود،شہباز گل، محمود الرشید اور یاسمین راشد سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں پارٹی کو مزید پروان چڑھانے کے لیے تجاویز دی گئیں۔وزیراعظم نے فوری طور پر پنجاب کے اضلاع میں بلدیاتی ہوم ورک شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی کی خود نگرانی کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں اختیارات کی منتقلی نچلی سطح پر ہو۔ عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کرنے کے لیے مضبوط بلدیاتی نظام دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی ابھی سے تیاری کرنا ہو گی۔
وزیر پارٹی حکومتی اور سیاسی قیادت مشترکہ حکمت عملی اختیار کرے، پنجاب کی اعلی قیادت پرانے رہنماؤں سے مشاورت سے لائحہ عمل مرتب کرے۔ پرانے ورکرز اور پارٹی رہنماؤں کی آرا ء کا ہمیشہ احترام کیا،صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کے عمل کو تیز کیا جائے۔
اس سے قبل زیراعظم عمران خان نے وزیر آبپاشی محسن لغاری سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پانی کی مشترکہ مانیٹرنگ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
وزیر اعظم نے سندھ اور پنجاب کے درمیان پانی کی مشترکہ مانیٹرنگ کے معاملے پر استفسار کرتے ہوئے پوچھا کہ صوبوں کے پانی کی مشترکہ مانیٹرنگ کا معاملہ کہاں تک پہنچا۔
ذرائع کے مطابق محسن لغاری نے وزیر اعظم کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب نے سندھ کی ٹیم کو تونسہ بیراج پر مانیٹرنگ کروا دی تھی۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں کاروباری افراد کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہوں گی۔وزیر اعظم