ٹیکسلا میں سوشل میڈیا پر معروف شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کے اندھے قتل کا معمہ حل کرلیا گیا، پولیس نے مقتولہ کے والد اور بھائی سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزمان تک رسائی حاصل کی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے قتل کے بعد واقعے کو مختلف رنگ دینے اور قانون کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، تاہم شواہد اور تفتیش کی بنیاد پر پانچوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق مقدمے کا مدعی مقتولہ کا والد تھا، تاہم تحقیقات کے دوران اس کا کردار مشکوک سامنے آیا اور وہ خود ملزم بن گیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کو خاندان کے بعض افراد ناپسند کرتے تھے، جبکہ واقعے میں زخمی ہونے والی مقتولہ کی بہن سے بھی تفتیش کی گئی۔
ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ مقدمہ کے مدعی نے قتل کا اعتراف کرلیا ہے، جو ایک غیر معمولی صورتحال ہے کہ قتل کا مدعی ہی بعد میں ملزم ثابت ہو۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ قتل کے محرکات اور واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے لائی جاسکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








