ارجنٹائن: ارجنٹائن کے معروف فٹبالر لیونل میسی رواں سال قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں آخری بار شریک ہوں گے۔
اسٹار فٹبالر نے خود اس بات کی تصدیق اپنے ایک بیان میں کی اور اپنے چاہنے والوں کو آگاہ کیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیائے فٹبال کے معروف کھلاڑی لیونل میسی رواں سال نومبر میں ہونے والا اپنا آخری فٹبال ورلڈکپ کھیلیں گے۔
معروف فٹبالر35 سالہ میسی نے ارجنٹائن کے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’ یقیناً یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہے، انہوں نے کہا کہ میں جسمانی طور پر بہتر محسوس کر رہا ہوں، میں اس سال اچھا پری سیزن کھیلنے میں کامیاب رہا،جو میں پچھلے سال نہیں کر سکا تھا’۔
واضح رہے کہ لیونل میسی نے 2016 میں انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا لیکن جلد ہی انہوں نے اپنے فیصلے کو واپس لے لیا تھا۔جس کے بعد اُن کے چاہنے والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی۔
مزید پڑھیں:پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمنز کرکٹ لیگ کا اعلان کردیا
معروف فٹبالر نے 2005 میں انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اس کے بعد سے انہوں نے ارجنٹائن کے لیے 164میچز کھیلے اور 90 گولز کیے اور متعدد بار اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔