کراچی: استحکام پاکستان پارٹی (سندھ) کے صدر اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 238کے امیدوار محمود مولوی نے کہا ہے کہ مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام کو خوشحالی کا دور دیکھنا ضرور نصیب ہوگا۔
استحکام پاکستان پارٹی عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آکر غربت کا صفایا کردے گی۔ ان خیالات کا اظہار صدر آئی پی پی (سندھ) محمود مولوی نے پارٹی سیکرٹریٹ میں آئے ہوئے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقعے پر پی ایس 102 کے امیدوار امید علی جونیجو اور پی ایس 103 کے امیدوار رضوان خان سمیت دیگر آئی پی پی رہنما بھی موجود تھے۔
این اے 238کے امیدوار محمود مولوی نے کہا کہ ملک بھر میں سبزیوں، پھلوں اور اشیائے خوردونوش کی قلت پیدا کرکے مصنوعی مہنگائی لائی جاتی ہے اور غریب عوام کو اس کا شکار بنادیا جاتا ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی معاشی اصلاحات عمل میں لاتے ہوئے ایسے تمام مسائل کا تدارک اورسابقہ ادوارِ حکومت میں عوام کے ساتھ جو ناانصافیاں، ظلم و ستم اور ناروا سلوک ہوا، اس کا ازالہ چاہتی ہے۔
ہماری انتخابی مہم کے دوران مختلف کارنر میٹنگز اور ریلیوں میں عوام نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا اور پوری امید ہے کہ 8فروری کو بھی عوام ہمارا ہی ساتھ دیں گے۔
کراچی اور سندھ کے عوام نے فرسودہ سیاست کو مسترد کردیا۔ ملک مزید تقسیم، نفرت اور تعصب کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ملکی معیشت کی بحالی، تعمیر اور ترقی میں ہی قوم کی نجات ہے۔