لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ سے اگلے ہفتے اچھی خبر آنے والی ہے، انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز آئندہ سال دوبارہ شیڈول کئے جانے کی امید پیدا ہوگئی۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے سینیٹ کی کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ امور کو بریفنگ میں کہا ہے کہ انٹرنیشنل سکیورٹی ایجنسیز نے پاکستان میں سیکیورٹی کو بہترین قرار دیا ہے، اتنا سنگین خطرہ نہیں تھا جس پر نیوزی لینڈ نے دورے کو ختم کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کی جگہ بھارت ہوتا تو کوئی دورہ منسوخ نہ کرتا، افسوس کی بات ہے کہ پاکستان نے کورونا وبا کے دوران سب کی مدد کی لیکن ہمارا ساتھ دینے کوئی نہیں آیا، پرامید ہیں کہ ویسٹ انڈیز کا دورہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔
رمیز راجہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کو اپنی شرائط پر منسوخ شدہ دورہ آئندہ سال نومبر میں کرنے کی تجویز دے سکتے ہیں، سیریز ری شیڈول ہونے سے نقصان میں کمی ہوسکے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ مجھے بھارت یا نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کا نہیں پورے ورلڈ کپ کا انتظار ہے۔میرے پسندیدہ کھلاڑی ویون رچرڈز اور عمران خان ہیں۔
مزیدپڑھیں: انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین آئن واٹمورکا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ، انگلش میڈیا