واشنگٹن:تین امریکی ریاستوں نیویارک، نیو جرسی اور کنیکٹیکٹ نے عوام سے کہا ہے کہ اگر وہ ان امریکی ریاستوں کا سفر کر کے آ رہے ہیں جہاں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے تو وہ 14 دن کے لیے خود کو قرنطینہ کر لیں۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست نیو جرسی کے گورنر فل مرفی کا کہنا تھا کہ ان تین ریاستوں کی عوام بہت مشکل وقت سے گزرے ہیں، اور اب کورونا وائرس کی دوسری لہر نہیں چاہتے۔
امریکہ کی چند مغربی اور جنوبی ریاستوں میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔جبکہ نیویارک ریاست کے گورنر اینڈریو کومیو کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ دیگر ریاستوں سے آنے والے افراد اپنے ساتھ کورونا وائرس لے کر آئیں۔
کیونکہ ہم نے اس وائرس کی مقامی منتقلی کو شرح کو بہت مشکل سے کم کیا ہے۔قرنطینہ کا اطلاق نو امریکی ریاستوں سے آنے والے مسافروں پر ہو گا جن میں آلاباما، آرکنساس، ایریزونا، فلوریڈا، شمالی کیرولینا، جنوبی کیرولینا، واشنگٹن اوٹا اور ٹیکساس شامل ہیں۔