ترکی میں ڈیجیٹل کرنسی کرپٹو کی مقبولیت میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رواں سال ڈیجیٹل کرنسی کی قیمتوں میں بہت زیادہ اُتارچڑھاؤ دیکھنے میں آیا ہے، کئی ایسے ممالک ہیں جہاں پر یہ بہت مقبول ہورہی ہے انھی میں سے ایک ترکی بھی ہے جہاں کی مارکیٹوں میں کرپٹو کے ذریعے سے لین دین میں بہت زیادہ اضافہ ہورہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترکی کے کم ازکم 8 لاکھ لوگ کرپٹو میں سرمایہ کاری کرچکے ہیں، کچھ دن قبل صدر رجب طیب اردوان نے بھی ڈیجیٹل کرنسی کی افادیت کے حوالے سے قوم کو آگاہی دی تھی۔ انہوں نے بلاک چین کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ تھا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل کرنسی میں دلچسپی لینی چاہیئے۔
قبل ازیں بھی ایک رپورٹ شائع ہوئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی مارکیٹوں میں کرپٹو کرنسی کی مقبولیت روز بہ روز بڑھ رہی ہے، اس خطے میں رواں سال 48 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
لیونل میسی کرپٹو ایکسچینج بِجٹ کے سفیر بن گئے
جولائی 2021 سے جون 2022 کے دوران اِس خطے کی مارکیٹوں میں کرپٹو کرنسی کے ذریعے سے لین دین کیا گیا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہاں پر کرپٹو رنسی کو اپنانے کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
لاطینی امریکہ کرپٹو کرنسی کو اپنانے والے ممالک میں 40 فیصد ترقی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ شمالی امریکہ 36 فیصد ترقی کے ساتھ تیسرے نمبر پر اور اُس کے بعد وسطی اور جنوبی ایشیا کے ممالک آتے ہیں جہاں پر 35 فیصد ترقی ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے جن ممالک میں کرپٹو کرنسی زیادہ مقبول ہوئی ہے اُن میں ترکیہ اور مصر سرِ فہرست ہیں۔