لاہور: گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پہلے سے زیادہ مضبوط سیاسی قوت بن چکی ہے مخالفین عوام میں اپنا اعتماد کھوچکے ہیں،انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کی رکاوٹیں جمہوریت کی نفی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسے شفاف انتخابات چاہتے ہیں جن پر ہارنے والا بھی انگلی نہ اٹھا سکے،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کسی سیاسی اور ذاتی ایجنڈے پر نہیں بلکہ ملک کے مستقبل کو محفوظ اور مستحکم بنانے کی پالیسی پر گامز ن ہے۔
کامیاب نوجوان احساس پروگرام اور صحت انصاف کارڈ سمیت حکومت کے تمام منصوبوں کا مقصدکمزور طبقے کو اوپر لے کر آنا اور ان کو صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔
وہ سوموار کے روز دورہ ساہیوال کے دوران سپیشل ایجوکیشن سنٹر کا افتتاح اورراوی بیرج ہڑپہ کے دورہ سمیت دیگر تقر یبات سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقعہ پر تحر یک انصاف کے مر کزی رکن رائے حسن نواز،اوورسیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرمین محمد وسیم رامے سمیت دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے میڈیا کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اگر پاکستان میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے میں سنجیدہ ہے تو پھر وہ انتخابی اصلاحات کے معاملے پر حکومت کا ساتھ کیوں نہیں دیتی؟بدقسمتی سے اپوزیشن ملک اور عوامی مفادات کے تحفظ کی بجائے سیاسی اور ذاتی مفادات کو تر جیح دیتی ہے اور ہر معاملے میں ان کا ایجنڈہ صرف اور صرف سیاسی دکانداری چمکانا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے اپوزیشن انتخابی اصلاحات کے معاملے پر حکومت کا ساتھ دیں تاکہ 2023کے انتخابات پر کوئی بھی انگلی نہ اٹھا سکے۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے بارے میں الیکشن کمیشن سمیت تمام ادارے اپنی ذمہ داری پوری کررہے ہیں اور انشا اللہ وہاں شفاف انتخابات ہوں گے اور اپوزیشن سمیت سب کو آزادکشمیر کے انتخابی نتائج کو تسلیم کر نا چاہیے۔
مزید پڑھیں: پنجاب کے سیاسی میدان میں ہلچل، وزیر اعظم لاہور کا ایک روزہ دورہ آج کریں گے