بالی ووڈ کے مشہور و معروف اسٹار سلمان خان کی فلم بجرنگی بھائی جان 2 کی تیاری کا کام شروع کردیا گیا۔
بھارتی میڈیارپورٹ کے مطابق بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی مشہور فلم بجرنگی بھائی جان کے مصنف کے وی وجیاندرا پراساد نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا ہے کہ سلمان خان نے بجرنگی بھائی جان 2 کی تیاری کا کام شروع کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجرنگی بھائی جان 2 کے اسکرپٹ کا بنیادی کام تقریباً تیار ہے، جبکہ فلم کے سیکوئل کی اسٹوری سلمان خان کو سنا دی ہے اور انہیں بےحد پسند بھی آئی ہے۔
فلم کے مصنف مصنف کے وی وجیاندرا پراساد نے کہا کہ یہ فلم اپنے پہلے حصے کا تسلسل ہوگی اور اس میں آٹھ سے 10 برس کے دورانیے کو آگے جا کر دکھایا جائیگا تاہم فلم کی شوٹنگ کب شروع ہوگی یہ سلمان خان ہی بتائیں گے۔
وی وجیاندرا پراساد نے اُمید ظاہر کی ہے کہ بجرنگی بھائی جان کا سیکوئل پہلے حصے سے کسی بھی طرح کمتر نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ بجرنگی بھائی جان 2015 میں ریلیز ہوئی تھی، فلم کی کہانی ایک پاکستانی بچی پر بنائی گئی تھی جو اپنی ماں سے بچھڑ جاتی ہے اور بعد میں سلمان خان کی مدد سے واپس اپنے وطن پہنچتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس سلمان خان نے بھی پاکستان اور انڈیا میں یکساں مقبول ہونے والی فلم بجرنگی بھائی جان کے سیکوئل کا اعلان کیا تھا۔