کراچی:تحریک انصاف کراچی کے ریجن کے صدر خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اجرت کم دینے اور ڈیوٹی زیادہ لینے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔
انہوں نے کہا کہ آج آمدنی کم اور اخراجات زیادہ ہیں،اپوزیشن ملک میں کورونا وائرس پھیلا کر عوام کی جانوں سے کھیلنا چاہتی ہے، عمران خان ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ کے صوبائی وزرا ء عوام کی خدمت کی بجائے آصف زرداری کے لئے نوٹ اکھٹا کرنے میں مصروف ہیں۔
انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ مزدوروں کو آج انکا حق نہیں مل رہا، اجرت کم اور ڈیوٹی زیادہ لی جارہی ہے،اخراجات آمدنی سے زیادہ ہیں، وزیر اعظم ملک کو ترقی کی راہ پر لانے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے،ہرطرف کورونا ہے اور یہ جلسے کرکے عوام کی جانوں سے کھیل رہیں ہیں، ان کا کام صرف ملک کو نقصان پہنچانا ہے۔
خرم شیر زمان نے مزدور رہنماؤں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کے لئے انصاف جفا کش لیبر فیڈریشن رجسٹرڈ ہوگئی ہے، اس موقع پر مرکزی سیکریٹری جنرل ارشد قریشی کا کہنا تھا کہ مزدور کوجو مسائل درپیش ہیں انھیں حل کرنیکی کوشش کرینگے۔
اس موقع پر سندھ لیبر ونگ کے نمروز خان کراچی کے جنرل سیکریٹری سر بلند خان اور دیگر بھی موجود تھے، دوسری جانب انصاف ہاؤس کے باہر عہدیداروں کے انتخاب پر لیبر ونگ کے کارکنوں نے احتجاج بھی کیا۔