اسلام آباد: فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اس عید کے موقع پر پاکستانی قوم فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان کی پوری قوم فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم پر سراپا احتجاج ہے۔
فواد چوہدری نے پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر احمد ربائی سے ان کے سفارتخانے میں ملاقات کی جبکہ وفاقی وزیر نے فلسطینی سفیر کو وزیراعظم پاکستان کا فلسطین کی عوام کیلئے یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کو ہر سطح پر پاکستان کی حکومت کی مدد حاصل رہے گی، وزیراعظم عمران خان بذات خود فلسطین کے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس مسئلے پر مسلسل اسلامی ریاستوں کے حکمرانوں سے رابطے میں ہیں۔
عید کے موقع پر فلسطین کے سفارتخانے کا دورہ کیا سفیر احمد ربائ سے ملاقات کی، پاکستان فلسطین پالیسی کے بنیاد قائد اعظم نے رکھی تھی اج وزیر اعظم عمران خان جناح صاحب کی اسی پالیسی کے امین ہیں، ہم فلسطین کا دکھ اپنا دکھ مانتے ہیں اور سفیرمحترم کو بھی اس جذبے کا ادراک ہے، pic.twitter.com/lauU6Bb1PF
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 13, 2021
ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم نے ترک صدر طیب اردوان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے رابطہ کیا ہے۔
فلسطینی سفیر احمد ربائی نے پاکستان کے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی پر اظہار تشکرکیا اور کہا کہ پاکستان کے اظہاریکجہتی سے ہم اپنے آپ کو مضبوط محسوس کرتے ہیں۔
احمد ربائی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فائرنگ اور راکٹ حملوں میں اب تک 73 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 1500 فلسطینی اب تک اسرائیلی مظالم کے سبب زخمی اور1000 گھر تباہ ہوچکے ہیں۔
فلسطین کے سفیر نے فواد چوہدری کو قرآن مجید کا نسخہ بھی ہدیہ کیا۔ فواد چوہدری نے سفارتخانہ کی یاداشت پراپنے دورہ اور فلسطین کے موجودہ حالات پر اپنے جذبات و خیالات کو قلمبند کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف بھی فلسطینی سفارتخانے پہنچے تھے اور اظہار یکجہتی کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے پاکستانیوں کو عید کی مبارکباد دی ہے