اسلام آباد: ملک میں حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.53 فیصد اضافہ ہوا ہے اور مہنگائی کی شرح 30.60 فیصد رہی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیے جس کے مطابق حالیہ ہفتے 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ 21 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے ٹماٹر کی قیمتوں میں 15.97 فیصد، پیاز کی قیمتوں میں 9.38 فیصد، نمک کی قیمتوں میں 2.58 فیصد، آلو کی قیمتوں میں 2.88 فیصد اور ماچس کی قیمتوں میں 1.34 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ہفتہ واربنیادوں پر چکن کی قیمتوں میں 3.37 فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں 1.75 فیصد، دال مسور کی قیمتوں میں 2.25 فیصد، دال چنے کی قیمتوں میں 1.08 فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں 0.16 فیصد، سبزیوں اور گھی کی قیمتوں میں 0.09 فیصد اور آٹے کی قیمتوں میں 0.07 فیصد کمی ہوئی ہے۔
زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، 4 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے
ایک ہفتے کے دوران 21 شیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 26.72 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 28.46 فیصد اور 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 30.29فیصد اضافہ ہوا۔
علاوہ ازیں 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 31.41 فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176 روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 31.67 فیصد رہی ہے۔