کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے ملک کے بیشتر علاقوں میں اگلے 4 سے 5 روز تک گرمی کی لہر قائم رہنے کا امکان ہے، تاہم 11 یا 12 جون سے پری مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ پاکستان کے شمالی اور وسطی علاقوں کو متاثر کرسکتا ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق شدید گرمی کی وجہ سے جنوبی پنجاب اور سندھ میں درجہ حرارت 47 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، شمالی اور وسطی پنجاب کے علاقوں میں درجہ حرارت 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے جنوبی علاقوں میں بھی درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
تیز ہواؤں کے جھکڑ
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت سندھ اور پنجاب کے جنوبی و وسطی علاقوں میں ہواؤں کے تیز جھکڑ چل رہے ہیں، دن کے وقت سورج کی تپش کی وجہ سے یہ ہوائیں گرم ہوتی ہیں جبکہ رات کے اوقات میں یہ ہوائیں ٹھنڈی ہو جاتی ہیں جس کی وجہ سے رات کے وقت موسم ٹھنڈا ہوجاتا ہے۔ تیز ہواؤں کے جھکڑ جمعہ یا ہفتہ تک جاری رہیں گے۔
گرمی کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ۔
گرمی کے بعد 11 یا 12 جون سے پری مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ پاکستان کے شمالی اور وسطی علاقوں کو متاثر کرے گا جس کے نتیجے میں پنجاب خیبر پختونخوا کشمیر شمال مشرقی بلوچستان میں کہیں کہیں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ 15 جون تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ بالائی سندھ شمال مشرقی بلوچستان جنوبی و وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے امکانات ہیں چند مقامات پر تیز بارش کے امکانات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی پی ایل کی کووڈ-19 ویکسینیشن مہم کا کراچی میں آغاز