چرچ آف ٹرینیٹی کراچی میں سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کی صدارت بشپ صادق ڈینئل نے کی، جس میں جے یو پی رہنما علامہ قاضی نورانی، صدر مجلس وحدت مسلمین کراچی علامہ شیخ محمد صادق جعفری، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈاکٹر صابر ابومریم، ہیومن رائٹس کونسل کے جمشید حسین، معروف مذہبی رہنما معاذ نظامی، سکھ یوتھ کونسل کے صدر مگھن سنگھ، ہندو رہنما وجے مہاراج اور دیگر شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:
داعش کی خوبرو فائٹر ٹک ٹاک اسٹار کیسے بن گئی؟
تقریب سے خطاب میں مذہبی رہنماؤں نے سانحہ جڑانوالہ پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور مذمت کی اور کہا کہ کسی بھی مذہب اور مقدسات کی توہین کرنے والے اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کار ہیں، ہم سب پاکستانی ہیں اور پاکستان کی سالمیت کے لئے سب متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ پر پولیس انتظامیہ کی کارکردگی ناقص رہی، سانحہ جڑانوالہ ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ لگتا ہے، قرآن پاک کی توہین کرنے والوں اور عبادت گاہوں کو نذر آتش کرنے والے شر پسندوں کو گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مسلمان اور مسیحی عوام باہمی محبت اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں، پاکستان کی مسیحی برادری کا دکھ پاکستان کے تمام مسلمانوں کا دکھ ہے۔