کراچی میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں اختتام پذیر ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سیکڑوں کی تعداد میں عزاداران 8 محرم الحرام کے جلوس میں شریک ہوں گے جو آج دوپہر 1 بج کر 30 منٹ پر نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔ عزاداران ماتم اور سینہ کوبی کریں گے۔
دفترِ خارجہ کا بھارت کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر سخت ردِ عمل
نشتر پارک سے دوپہر کے وقت برآمد ہونے والا مرکزی جلوس اپنی روایتی گزرگاہوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کی سکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
آج نکلنے والے جلوس میں علمائے کرام اور ذاکرین بھی شریک ہوں گے۔ جلوس کے روٹ پر آنے والی سڑکوں کو سکیورٹی کی غرض سے کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ جلوس کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔
جلوس کی سکیورٹی کیلئے پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار مختلف مقامات پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ جلوس برآمد ہوتے ہی ایم اے جناح روڈ کو عام ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کردیا جائے گا۔