اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے عالمی پروازوں کی منسوخی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی سعد بن ایوب کا کہنا ہے کہ 80 فیصد عالمی پروازوں پر پابندی برقرار رہے گی، پابندی 15 جولائی تک نافذ العمل رہے گی۔ سی اے اے حکام کے مطابق برطانیہ، کینیڈا، یورپ، ملائیشیا اور چین سے 40 فیصد پروازوں کے آنے کی اجازت ہوگی۔
کورونا وائرس کی وجہ سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے این سی او سی کی ہدایات پر 5 مئی 2021 سے پاکستان آنے والی بین الاقوامی پروازوں کو 20 فیصد مسافروں کے ساتھ آپریشن کی اجازت دی تھی جس میں اب 15 جولائی 2021 تک توسیع کر دی گئی ہے۔
سعد بن ایوب کا کہنا ہے کہ پروازوں کی معطلی اور بکنگ کی ذمہ داری متعلقہ ائیرلائن پر عائد ہوتی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیرملکی ایئرلائنز کی کسی پرواز کی اجازت منسوخ نہیں کی، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیر ملکی ائیرلائنز کی جانب سے عوام میں بے یقینی کی صورت حال پیدا کرنے کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے، سول ایوی ایشن نے عوام، بیرون ملک سفارت خانوں اور سفارتی عملے کو بھی اس عمل سے آگاہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سول ایوی ایشن اتھارٹی نےنیا سفری ہدایت نامہ جاری کیا تھا جس کے مطابق کیٹیگری سی کے مسافروں پر پاکستان آنے کی پابندی کو برقرار رکھا گیا تھا۔
البتہ کیٹیگری سی ممالک سے پاکستانی شہریت والوں کو آنے کی اجازت ہو گی اور ان ممالک سے آنے والوں کو 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کرانا لازمی ہو گا۔ ان مسافروں کا پاکستان کے ایئرپورٹس پر ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ بھی کیا جائےگا۔
بھارت، بنگلادیش، انڈونیشیا سمیت 26 ملکوں کو کیٹیگری سی میں رکھا گیا تھا۔ سی اےاے کے شعبہ ایئرٹرانسپورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : لیول ون کوچنگ کورس میں خواتین کرکٹر حورینہ سجاد سمیت 26 امیدوارشریک ہونگے