سوات کے علاقہ بنڑ میں شوہر نے سر راہ فائرنگ کرکے بیوی کو قتل کردیا، معصوم بیٹا ماں کی لاش کے پاس بیٹھ کر روتا رہا، جس کی تصویر نے سب کو جھنجوڑ کر رکھ دیا۔
سوات پولیس کے مطابق سوات بنڑ سے تعلق رکھنے والا ملزم شوہر اختر علی نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے اپنی بیوی کو قتل کردیا جس کے بعد ماں کی گود میں بیٹھ کرمعصوم بچہ روتا رہا اس رقت آمیز منظر نے سب کو رلا دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
گلگت بلتستان کے ہزاروں طلبہ کی امن و اتحاد کا پیغام دینے کیلئے پر امن ریلی
پولیس نے ملزم کوگرفتار کرلیا ہے دونوں میاں بیوی میں خلع کا کیس چل رہا تھا کہ شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی کا کام ہمیشہ کے لئے تمام کر دیا۔
ماں کو خون میں لت پت دیکھ کر بچہ روتا رہا۔ عینی شاہدین کے مطابق بیٹا اپنی ماں کو ہسپتال لے جانے کے لیے لوگوں کو چیخ چیخ کر مدد کے لیے بلاتا رہا، قریب کھڑے لوگوں نے زخمی خاتون اور بچے کو ایمبولینس میں ڈال کر ہسپتال بھجوا دیا مگر خاتون زخموں کی تاب نہ لا سکیں اور چل بسیں۔
ایس ایچ او جان عالم نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ملزم خاتون کا شوہر ہے جو گولی چلا کر بھاگ گیا تھا، ملزم گرفتار ہے اور آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔‘
’خاتون کی شادی سنہ 2014 میں ہوئی تھی مگر سنہ 2019 کے بعد گھریلو ناچاکی کی وجہ بیوی اپنے والدین کے ساتھ رہنے لگی۔ ملزم کے دو بچے ہیں جو اپنی ماں کے ساتھ رہتے تھے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ میاں بیوی کے درمیان تنسیخ نکاح کے معاملے پر کیس بھی زِیرسماعت ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ اپنے بچوں کا خرچہ اٹھانے کے لیے گھروں میں کام کرتی تھی، وقوعہ کے وقت بھی خاتون اپنے بیٹے کے ہمراہ کام پر جارہی تھی کہ شوہر نے راستے میں گولی مار کر اسے ہلاک کر دیا۔
ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔