اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کی سرحد دوستی اور امن کی علامت ہے، دونوں ممالک خطے کی خوشحالی و ترقی کیلئے پر عزم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ایران کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم اور ایرانی آرمی چیف کی ملاقات کے دوران سرحد پر مارکیٹس کے قیام کے معاہدے پر بھی بات چیت کی گئی۔ جبکہ اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ مارکیٹوں سے خطے میں معاشی مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران تجارتی، معاشی اور توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیاجبکہ اس دوران انہوں نے دونوں اطراف کی سیکورٹی بڑھانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی اہمیت پر زور بھی دیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر قومی مفاہمت اور جامع سیاسی تصفیے اور پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی ہم آہنگی پر زور دیا۔وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر کے تنازع پر ایران کے مثبت کردارکی تعریف کی جبکہ افغانستان میں تازہ ترین صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان اور پائیدار معیشت کا خواہشمند ہے، افغانستان میں بین الاقوامی برادری مثبت طور پر اپنا کردار ادا کرے، افغانستان میں معاشی تباہی کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف کے ذریعے ایرانی صدر کو ایک بار پھر پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
مزید پڑھیں: علاقائی استحکام کے لیے پاک ایران تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، آرمی چیف