پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردی عروج پر پہنچ گئی۔ تحصیل میر علی میں لڑکیوں کے 2 اسکول تباہ کردئیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں لڑکیوں کے 2 اسکولز کو شدت پسندوں نے تباہ کردیا۔ ڈی پی او سلیم ریاض کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے اسکولز تباہ کرنے کیلئے بارود کا استعمال کیا ہے۔
بلوچستان میں چیک پوسٹ پر حملے میں 3جوان شہید
ڈی پی او سلیم ریاض کے نجی ٹی وی کو دئیے گئے بیان کے مطابق تحصیل میر علی میں شدت پسندوں نے رات گئے دہشت گردی کی کارروائی کی۔ رات گئے دھماکوں کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے زرغون میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 3 جوان شہید ہو گئے تھے۔
آج سے 2 روز قبل بلوچستان میں دہشت گردوں نے زرغون چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا تھا کہ چیک پوسٹ پر موجود جوانوں کی کارروائی سے پسپا ہو کر دہشت گرد جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔