پاکستانی ڈرامہ سیریل تیرے بن کو پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی شوق سے دیکھا جارہا ہے۔ آنجہانی بالی ووڈ اداکار عرفان خان کی اہلیہ بھی مداحوں میں شامل ہوگئیں۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر وائرل ویڈیو میں عرفان خان کے بیٹے کو مختلف سوالات کے جوابات دیتے دیکھا جاسکتا ہے جس کے دوران ان کا کہنا ہے کہ میری والدہ کافی تشویش میں مبتلا کردینے والے ڈرامے دیکھتی ہیں۔
لیڈز میں عاطف اسلم کی گیت پر پرفارمنس کی ویڈیو وائرل
عرفان خان کے جواں سال بیٹے بابل خان کو ویڈیو میں اپنی والدہ کو بلا کر پوچھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ آپ پاکستان کا کون سا ڈرامہ دیکھتی ہیں؟ تو وہ تیرے بن کا نام لیتی ہیں، جس پر بابل خان ہنسنے لگ جاتے ہیں۔
خیال رہے کہ عرفان خان نے 23 فروری 1995 کو معروف مصنفہ اور اپنی این ایس ڈی کی کلاس فیلو ستاپا سکدر سے شادی کی جس سے دونوں کے ہاں 2 بیٹے بابل خان اور آیان خان پیدا ہوئے۔ 2012ء میں عرفان خان نے نام کے اسپیلنگ بدل دئیے تھے۔
عموماً عرفان خان میں ایک ہی بار آر لکھا جاتا ہے، تاہم بھارتی اداکار کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے نام میں آر کی اضافی آواز پسند ہے۔ مارچ 2018ء میں عرفان خان کے جسم میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔
کم و بیش 1 سال علاج کے بعد فروری 2019ء میں عرفان خان بھارت لوٹ آئے۔ 28 اپریل 2020ء کو انہیں ممبئی کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور 29 اپریل 2020 کو 53سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔