محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سرد موسم کا تجربہ کیا جائے گا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 9 سے 11 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے تاہم درجہ حرارت 9 ڈگری سے کم ہوسکتا ہے۔
شہریوں کو سرد اور خشک حالات کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 10اعشاریہ 5 ڈگری ریکارڈ کیا گیاجبکہ شمال مشرقی ہوائیں 8 سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھیں اور نمی کی سطح 41% تھی۔
پی ایم ڈی نے کراچی کی خطرناک ہوا کے معیار کے بارے میں بھی انتباہ جاری کیا ہے۔ شہر ملک میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ آلودہ ہے، جہاں ہوا کا معیار انڈیکس (اے کیو آئی) 214 کی تشویشناک سطح پر ہے۔
دوسری جانب پشاور اور خیبر پختونخوا کے زیادہ تر علاقوں میں منگل کو سرد اور جزوی طور پر ابر آلود موسم کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی اضلاع میں ہلکی بارش اور برفباری کی توقع کی جا رہی ہے۔
پی ایم ڈی کے مطابق اس وقت براعظمیٰ ہوا پاکستان کے زیادہ تر حصوں پر چھائی ہوئی ہے تاہم کل شام یا رات سے مغربی اور انتہائی شمالی علاقوں پر ہلکی مغربی لہریں اثر انداز ہونے کی توقع ہے۔