اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، عدالت عظمیٰ نے آئین کی حفاظت کی ہے،تحریک انصاف سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیچھے کھڑی ہے۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے سپریم کورٹ کا پنجاب میں انتخابات 14 مئی کو کرانے کے حوالے سے فیصلہ آنے کے بعدپی ٹی آئی چیئرمین سے فون پر رابطہ کر کے آگاہ کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو فواد چوہدری نے سپریم کورٹ فیصلے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی، اس دوران گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ تحریک انصاف سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیچھے کھڑی ہے، پوری قوم الیکشن کی تیاری کرے۔
قبل ازیں امریکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ سیاسی اداروں میں الیکشن کے بعد نئے سماجی معاہدے کی ضرورت ہے، ہماری معیشت زبوں حالی کا شکار ہو چکی ہے اور ہم تاریخ کے بدترین معاشی بحران سے گزر رہے ہیں۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ جن لوگوں نے مجھے مارنے کی کوشش کی وہ اب بھی اقتدار میں بیٹھے ہیں اور وہ گھبرائے ہوئے ہیں کہ اگر میں واپس آیا تو ان کا احتساب کیا جائے گا، وہ پریشان ہیں کہ مجھے کیسے باہر رکھا جائے کیونکہ لوگ مجھے واپس لانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے موجود معاشی صورتحال اور انتخابات کے بعد دوبارہ حکومت میں آنے کے منصوبوں کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کا منبہ سیاسی ادارے ہوں، یہ یقینی بنانے کیلئے نئے سماجی معاہدے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں:تین ججز کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا جانا چاہیے، نواز شریف
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی استحکام انتخابات کے ذریعے آئے گا اور یہیں سے معاشی بحالی کا سفر شروع ہوتا ہے، مجھے دوبارہ اقتدار میں نہ لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، کیا ان کے پاس ملک کو بحران سے نکالنے کا کوئی منصوبہ ہے۔