طالبان حکومت نے امریکی ریاست ورجینیا میں مبینہ طور پر امریکی اہلکار کے ہاتھوں ایک افغان خاندان کے کئی افراد کی موت اور بچ جانے والی معصوم بچی کو یرغمال بنائے جانے پر سخت افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ امریکی حکام کے ساتھ اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ امریکی ریاست ورجینیا میں امریکی بحری فوج کے ایک اہلکار جو شوا ماسٹ کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک افغان خاندان کے کئی افراد شہید ہوگئے ہیں۔ اب اس خاندان کی زندہ بچ جانے والی بچی کو رشتہ داروں سے دور کرکے یرغمال کرکے لے جایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد، ملزمان گرفتار
بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان وزارت خارجہ اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے اور اسے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق افغان وزارت خارجہ جلد ہی اس بچی کی اپنے خاندان کو حوالگی کےلیے امریکی حکام کے ساتھ بات چیت کرے گی۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور اتحادیوں نے بڑی تعداد میں بچوں سمیت ہزاروں افغان باشندوں کو افغانستان سے بہت ہی نا مناسب انداز میں نکال کر مختلف کیمپوں میں رکھا ہے جہاں وہ بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق افغان وزارت خارجہ ان ممالک سے مطالبہ کرتی ہے کہ افغان مہاجرین کو ہجرت کے بین الاقوامی قانون کے مطابق اور قونصلیٹ ذرائع سے انسانی اور قانونی حقوق فراہم کریں۔