کابل: طالبان نے افغانستان کے معاملات میں پاکستان کی مداخلت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمارے معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہمارے معاملات میں پاکستان سمیت کسی ملک نے مداخلت نہیں کی ہے جبکہ پاکستان کی مداخلت پر 20 سال سے پروپیگنڈہ جاری ہے۔
ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ پاکستان کی مداخلت سے متعلق پراپیگنڈہ بے بنیاد ہے جبکہ کوئی یہ ثابت نہیں کرسکتا کہ ہمارے اقدامات سے پاکستان کو کوئی فائدہ پہنچا ہے۔
افغان طالبان کے ترجمان نے کہا کہ ہم نے افغانستان کی آزادی کیلئے پوری دنیا میں جنگ لڑی ہے۔ ہمارا مقصد افغان عوام کے مسائل حل کرنا ہے۔ ہم دنیا کے ساتھ مل کر چلنا اور کام کرنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل طالبان نے اپنی نئی حکومت کے قیام کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق محمد احسن اخوند عبوری وزیراعظم اور ملا عبد الغنی نائب وزیر اعظم ہونگے۔
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے گزشتہ روز اپنی نئی حکومت میں دئیے جانے والے 33عہدیداروں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ محمد یعقوب مجاہد افغانستان کے عبوری وزیرِ دفاع ہوں گے۔
مزید پڑھیں: افغان طالبان نے نئی حکومت کا اعلان کردیا، محمد حسن اخوند سربراہ مقرر