کراچی: چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی جانب سے محکمہ جامعات اینڈ بورڈز کے سیکرٹری سید منصور عباس رضوی کو عہدے سے ہٹا کر سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے جبکہ گریڈ 20کے افسرمحمد مرید راہموں کو محکمہ جامعات اینڈ بورڈزکا سیکرٹری تعینات کردیا گیا ہے۔
ایم ایم نیوز کو موصول ہونیوالے نوٹی فکیشن No.SOI/(SGA&CD)/-4/01/2021 کے مطابق سیکرٹریٹ گروپ گریڈ 20کے افسر محمد مرید راہموں کو محکمہ جامعات اینڈ بورڈز میں بطور سیکرٹری تعینات کیا جارہا ہے جب کہ ایکس پی سی ایس افسر گریڈ 20کے سید منصور عباس رضوی کو عہدے سے ہٹا کر سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر جامعات اینڈ بورڈز اسماعیل راہو اور سابق سیکرٹری محکمہ جامعات اینڈ بورڈزکے مابین گزشتہ کئی ماہ سے سرد جنگ جاری تھی،محکمہ جامعات اینڈ بورڈز کے جملہ امور کو سیکرٹری وزیر کے علم میں لائے بغیر ہی نمٹا رہے تھے جب کہ وزیر جامعات اینڈ بورڈز اسماعیل راہو کی جانب سے دیئے گئے بعض احکامات کو قانون کی موشگافیوں میں الجھا یا جارہا تھا جس کی وجہ سے دونوں کے مابین تعلقات ٹھیک نہ ہونے سے جامعات اینڈ بورڈز کے کئی اہم مسائل رکے ہوئے تھے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس بات کی شکایت پیپلز پارٹی کی قیادت سمیت چیف سیکرٹری سندھ کو بھی کی گئی تھی جس کے بعد مناسب وقت کا انتظا رکرنے کے بعد سیکرٹری محکمہ جامعات اینڈ بورڈز سید منصور عباس رضوی کو سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرادیا گیا ہے اور ان کا کسی دوسرے محکمے میں تاحال تبادلہ نہیں کیا گیا ہے۔
معلوم رہے کہ جب سے محکمہ جامعات اینڈ بورڈز میں سیکرٹری سید منصور عباسی رضوی تعینات ہوئے تھے تب سے جامعات میں مستقل وائس چانسلرز کے تقرر سے لیکر بورڈز میں مستقل چیئرمین، ناظمین امتحانات اور سیکرٹریز کے تقرر میں شدید مسائل پید اہوگئے تھے جب کہ خود محکمہ جامعات اینڈ بورڈز میں نان کیڈرافسران و ملازمین، او پی ایس اور دیگر شعبوں سے لائے ہوئے افسران و ملازمین سے کام چلایا جارہا تھا۔
مزید پڑھیں: چیئرمین بورڈز کی تقرری کا معاملہ ایک بار پھر عدالت پہنچ گیا