بحرِ اوقیانوس میں ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کیلئے جانے والی آبدوز ٹائٹن میں سوار 2 پاکستانیوں سمیت تمام سیاح زندگی کی بازی ہارگئے، آبدوز میں پاکستانی تاجر شہزادہ داؤد اور اُن کے بیٹے سلیمان داؤد بھی سوار تھے۔
داؤد کی فیملی کی جانب سے بھی شہزادہ داؤد اور سلیمان داؤد کی موت کی تصدیق کردی گئی ہے۔ حسین اینڈ کلثوم داؤد فیملی نے شہزادہ داؤد اور سلیمان داؤد کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پیارے بچے اوشن گیٹ کی ٹائٹین آبدوز پر موجود تھے جو زیرِسمندر غرقاب ہوئی، ہم ٹائٹین آبدوز میں موجود دیگر مسافروں کے خاندانوں سے بھی اظہار افسوس کرتے ہیں۔
— Dawood Foundation (@DawoodTdf) June 22, 2023
اعلامیے میں کہا گیا کہ شہزادہ داؤد اور سلیمان کی آخری رسومات سے متعلق جلد آگاہ کیا جائے گا۔ وفات پانے والوں اور ہمارے خاندان کو اس مشکل موقع پر اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، ہم ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والوں کے شکر گزار ہیں اور ہم نیک تمنائیں رکھنے والوں کے بھی شکرگزار ہیں جو اس مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے۔
سیاحتی آبدوز ٹائٹن میں جان کی بازی ہارنے والے پاکستانی تاجر شہزادہ داؤد کون تھے؟
بھتیجے اور بھائی کی موت پر شہزادہ داؤد کی بہن کا کہنا ہے کہ بھتیجا سلیمان ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کے سفر سے خوفزدہ تھا، وہ فادرز ڈے پر والد کو خوش کرنے کی خاطر سفر میں شریک ہوا۔
واضح رہے کہ بحر اوقیانوس میں ٹائی ٹینک کے ملبے کی جانب سفر کے دوران لاپتہ ہونے والی ٹائٹن نامی سیاحتی آبدوز کا ملبہ مل گیا ہے۔
آبدوز کی مالک کمپنی اوشین گیٹ اور امریکی کوسٹ گارڈز نے پاکستانی صنعتکار حسین داؤد کے بیٹے شہزادہ داؤد اور پوتے سلیمان داؤد سمیت تمام 5 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
یاد رہے کہ یہ آبدوز کینیڈا کے جزیرے نیو فاؤنڈلینڈ سے روانہ ہوئی تھی اور اتوار کے روز سفر کے آغاز کے ایک گھنٹہ 45 منٹ بعد ہی آبدوز کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔
ٹائی ٹینک جہاز کا ملبہ نیو فاؤنڈلینڈ کے ساحل سے تقریباً 600 کلومیٹر دور بحر اوقیانوس میں 12 ہزار 500 فٹ گہرائی میں موجود ہے۔