نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور تعلیمی مواقع میں وسعت دینے کے لیے پنجاب حکومت نے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم تمام طلبہ کے لیے نیا طلبہ کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ منصوبہ محکمہ تعلیم پنجاب کی زیر نگرانی تیار کیا جا رہا ہے جس کا مقصد طلبہ کو مختلف شعبوں میں سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اس کارڈ کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ تمام کارڈ ہولڈرز کو پبلک ٹرانسپورٹ پر مفت سفر کی سہولت حاصل ہوگی جو خاص طور پر دیہی علاقوں یا کم آمدنی والے خاندانوں کے طلبہ کے لیے آمد و رفت کے مسائل میں بڑی آسانی پیدا کرے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ کارڈ ایک ڈیجیٹل تعلیمی پروفائل کے طور پر بھی کام کرے گا جس میں ہر طالبعلم کی تعلیمی کارکردگی، غیر نصابی سرگرمیوں میں کامیابیاں اور دیگر متعلقہ معلومات محفوظ ہوں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ ڈیٹا تعلیمی منصوبہ بندی میں مدد دے گا اور طلبہ کے مستقبل کے کیریئر میں راہنمائی فراہم کرے گا۔
مزید برآں یہ کارڈ قومی و بین الاقوامی وظائف تک رسائی کا بنیادی ذریعہ بھی بنے گا جس سے طلبہ کے لیے مالی امداد اور تعلیم کے نئے مواقع تک رسائی آسان ہو جائے گی۔
محکمہ تعلیم مختلف نجی اداروں سے شراکت داری کا بھی ارادہ رکھتا ہے جو کیریئر گائیڈنس اور ڈیجیٹل لرننگ جیسی سہولیات فراہم کریں گے، یوں اس کارڈ کی افادیت مزید بڑھ جائے گی۔
کارڈ سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر ایک مرکزی ڈیٹا بیس بھی تیار کیا جائے گا، جس کے ذریعے پنجاب بھر میں تعلیم کے شعبے میں منصوبہ بندی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہو سکے گی۔
اس منصوبے کے آغاز کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا لیکن حکام کے مطابق اس پر تیزی سے کام جاری ہے۔