اسلام آباد:شہر اقتدار میں کورونا وباء کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر اسلام آباد کے شہریوں کو آگاہی دینے کے لیے پاک آرمی بھی میدان میں اتر آئی۔فورسز کا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ۔
پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں ضلعی انتظامیہ پاک آرمی رینجرز وفاقی پولیس ایلیٹ فورس کے افسران کے درمیان میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، میٹنگ میں طے پایا کہ شہر اقتدار کے شہریوں کو کرونا وائرس کی وبا سے بچانے کے لئے اہم اقدامات کرنے بہت ضروری ہیں۔
جن میں سب سے پہلے بلا وجہ گھر سے نکلنا بند کر دیا جائے گا،اس پر سختی سے عملدرآمد کرانا ہوگا،ماسک استعمال کرانا ہوگا،صابن سے ہاتھ دھونا ہوں گے، ہاتھ نہیں ملانا،گلے نہیں ملنا، جب کہ پاک فوج کو وزیراعظم نے بلایا تاکہ کوروناوائرس ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے۔
اسی سلسلے میں فورسز نے اسپورٹس کمپلیکس سے لے کر آبپارہ مارکیٹ تک فلیگ مارچ کیا،اس کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز پولیس اسلام آباد افضال احمد کوثر نے مارکیٹ کا وزٹ کیا اور چیک کیا کہ شاپنگ کے لیے آنے والوں اور دکانداروں نے ماسکے پہن رکھے ہیں؟۔
مارکیٹ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد پولیس افضال احمد کوثر کا کہنا تھا کہ اس وباء سے نمٹنے کے لیے عوام کا تعاون درکار ہے۔
آج ہم آگاہی دے رہے ہیں لیکن آگاہی مہم ختم ہوتے ہی کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ان پر مقدمات درج کیے جائیں گے۔
ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف جرمانے عائد کیے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اس وباء سے مقابلہ کرنا ہے، ہم نے ہر زون میں افسران کی اسی حوالے سے ڈیوٹیاں لگادی ہیں تاکہ کسی بھی سنگین صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔