کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 11 ہزار 418 کورونا نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں 423 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
صوبے میں کورونا کی وباء کی صورتحال پر بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 3 مریض انتقال کرگئے ہیں اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 5 ہزار 344 ہو گئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 482 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ اس طرح صحتیاب ہونے افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 7 ہزار 780 ہوچکی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اب تک صوبے بھر میں 43 لاکھ 90 ہزار 631 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے جن کے نتیجے میں اب تک 3 لاکھ 32 ہزار 660 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اس وقت صوبے بھر میں 19 ہزار 536 مریض زیر علاج ہیں۔ جن میں سے 18 ہزار 915 مریض گھروں میں ، 30 آئسولیشن سینٹرز میں اور 591 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ جبکہ 540 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 46 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
وزیرا علیٰ نے کہا کہ صوبے کے 423 نئے کیسز میں سے 195 کا تعلق کراچی سے ہے۔ جن میں ضلع شرقی 85، ضلع وسطی 40، ضلع جنوبی 38، کورنگی 17، ضلع غربی 8 اور ملیر سے 7 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کے بیان کے مطابق صوبے کے دیگر اضلاع میں حیدر آباد 36، بدین اور جیکب آباد 11، 11، خیرپور 5، جامشورو 3، نوشہرو فیروز اور سکھر 2 ، 2 ، دادو، سانگھڑ اور گھوٹکی سے 1 ، 1 کیس سامنے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جلد قرض اور آئی ایم ایف سے جان چھوٹ جائے گی، پرویز خٹک