ہانگ کانگ: ایمرجنگ ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں طوبٰی حسن اور سیدہ عروب شاہ کی عمدہ بولنگ نے پاکستانی ویمنز ٹیم کو نیپال کے خلاف اپنے پہلے میچ میں 9 رنز کی جیت سے ہمکنار کردیا۔
ہانگ کانگ میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے دوسرے دن کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی ویمنز ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19 اعشاریہ 2 اوورز میں 87 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں پاکستانی بولرز اس کم اسکور کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوگئیں اور نیپال کی ٹیم بیس اوورز میں 6 وکٹوں پر78 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔
ناصر حسین نے بھارتی بیٹرز کو بابر اور ولیمسن سے سیکھنے کا مشورہ دیدیا
نیپال کی کپتان روبینہ چیتری نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی لیکن پہلے ہی اوور میں ایمان فاطمہ بغیر کوئی رن بنائے کبیتا کنور کی گیند پر آؤٹ ہوگئیں۔
32 کے مجموعی اسکور پر کبیتا جوشی نے اپنے ایک ہی اوور میں صدف شمس( 12) اور نتالیہ پرویز( صفر ) کو آؤٹ کردیا جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ گل فیروزہ 11، ناجیہہ علوی 5 اور ام ہانی ایک رن بنا سکیں۔
کپتان فاطمہ ثنا نے ایک چوکے کی مدد سے 16 رنز بنائے۔
پاکستانی ویمنز ٹیم کی اننگز میں سب سے زیادہ 28 رنز شوال ذوالفقار نے اسکور کیے جس میں ایک چوکا شامل تھا۔
نیپال کی طرف سے فاسٹ بولر اندو برما نے تین اوورز میں صرف 6 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ کبیتا جوشی، کبیتا کنور اور سیتا رانا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی کے سامنے نیپال کی ٹیم کے لیے ہدف تک پہنچنا ممکن نہ ہوسکا اور وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے میچ پر پاکستانی ٹیم کی گرفت مضبوط بنادی۔
آخری اوور میں نیپال کو جیتنے کے لیے 17 رنز درکار تھے لیکن کپتان فاطمہ ثنا نے اس اوور میں صرف 7 رنز دیے۔ کبیتا کنور 20 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔
سیدہ عروب شاہ نے 16 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں۔ طوبی حسن نے 23 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
نیپال کی کبیتا کنور کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا انہوں نے 20 رنز بنانے کے علاوہ دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔
پاکستانی ویمنز ٹیم اپنا دوسرا میچ جمعرات کے روز ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی۔