سیول:جنوبی کوریا کی وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ سام سنگ کے مالک ارب پتی تاجر لی جے یونگ کو ملک کے معاشی بحران پر قابو پانے میں مدد کے لیے پھر سے بحال کر دیا جائے گا۔ سام سنگ کے مالک کوگزشتہ برس مالی جرائم کا قصوروار قرار دیا گیا تھا۔
میڈیارپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جنوبی کوریا کی وزارت انصاف نے جمعے کے روز اعلان کیا کہ ٹیکنالوجی کی معروف عالمی کمپنی سام سنگ کے وارث لی جے یونگ کو صدارتی معافی مل گئی ہے۔
گزشتہ برس لی کو غبن اور رشوت خوری کے الزامات میں سزا سنائی گئی تھی۔انہیں اگست 2021 میں ہی پرول پر رہا کر دیا گیا تھا اور جس کا مطلب یہ ہوا کہ صدر کی جانب سے یہ معافی بڑی حد تک علامتی ہے۔
وزارت انصاف نے ایک بیان میں کہاکہ عالمی اقتصادی بحران کی وجہ سے، قومی معیشت کی نمو اور اس کی رفتار خراب ہو گئی ہے، اور اقتصادی بحران کے طول پکڑنے کا خدشہ لاحق ہے۔
واضح رہے کہ پرول پر رہا ہونے سے پہلے لی نے 18 ماہ جیل میں گزارے تھے، جو ان کی اصل مقررہ سزا کی نصف سے کچھ زیادہ تھی۔