نئی دہلی: بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی میں ہندو مسلم رسم و رواج نہ اپنائے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ظہیر اقبال اور سوناکشی سنہا پیشے کے اعتبار سے اداکار ہیں۔ سوناکشی سنہا مذہبی لحاظ سے ہندو مت کی جبکہ ظہیر اقبال اسلام کے پیروکار ہیں تاہم دونوں ہی فنکاروں نے شادی کے دوران کسی ایک بھی مذہب کے رسم و رواج کو اپنانے کا اعلان نہیں کیا۔
اداکارہ سوناکشی سنہا نے 37سال کی عمر میں ظہیر اقبال کو اپنا جیون ساتھی منتخب کرلیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس فیصلے میں سینئر اداکار اور سوناکشی کے والد شتروگن سنہا کے علاوہ مان پونم بھی اپنی بیٹی کا ساتھ دے رہی ہیں۔
دوسری جانب اداکار ظہیر اقبال کے اہلِ خانہ نے بھی سوناکشی سنہا کو بہو بنانے سے انکار نہیں کیا۔ سوناکشی کے ہونے والے سسر اقبال رتنسی نے کہا ہے کہ سوناکشی سنہا ظہیر اقبال کے ساتھ شادی کیلئے اپنا مذہب تبدیل نہیں کریں گی، اس قسم کی خبریں جھوٹی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے اس سوال پر کہ کیا دونوں فنکار اسلامی رسم و رواج کے مطابق شادی کریں گے یا ہندو مت کے مطابق 7 پھیرے لیں گے؟ اقبال رتنسی نے کہا کہ شادی نہ تو ہندو مذہب کے مطابق اور نہ ہی اسلام کے تحت ہوگی بلکہ دونوں فنکار سول میرج کریں گے۔
اقبال رتنسی کے بیان کا جائزہ لیا جائے تو سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال بھارتی آئین میں شامل اسپیشل میرج ایکٹ 1954 کے تحت شادی کریں گے جس کیلئے دونوں فنکار رجسٹرار کو ایک ماہ کا نوٹس دے چکے ہیں۔ سوناکشی اور ظہیر کی شادی کی قانونی کارروائی مکمل کرلی گئی۔