وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے آج قوم یک زبان ہوگی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے آج قوم یک زبان ہوگی
وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے آج قوم یک زبان ہوگی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کے اعلان پر مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے پوری قوم   گھروں سے نکلے گی اور پاکستانی عوام مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے یک زبان ہوں گے۔

دن بارہ بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک”کشمیر آور” منانے کے لیے کراچی سے خیبر اور بولان سے بلتستان تک عوام ہم آواز ہوں گے اور دُنیا کو پیغام دیں گے کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

آج دن بارہ بجے سائرن بجنا شروع ہوجائیں گے اور قومی ترانے کے ساتھ ساتھ کشمیر کا ترانہ بھی پڑھا جائے گا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ٹریفک سگنلز آدھے گھنٹے تک سرخ رہیں گے اور اس دوران ٹریفک کو روک دیا جائے گا۔ ٹریفک سگنلز اور ملک بھر کی شاہراہوں پر کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت آزاد کشمیر میں کیمپس لگا کر جموں و کشمیر میں جہاد شروع کرے۔ سپریم کورٹ میں درخواست دائر

ملک بھر کے تمام ائیر پورٹس پر آپریشنل معاملات آدھے گھنٹے تک معطل رہیں گے۔ اس دوران قومی ائیر لائن اور ایوی ایشن اتھارٹی کے دفاتر میں انتظامیہ، افسران اور عملہ اہلیانِ کشمیر کو یکجہتی کا واضح پیغام دینے کے لیے  احتجاج میں بھرپور شرکت کرے گا۔ 

وزیر اعظم پاکستان عمران خان دوپہر بارہ بجے سینیٹ لان جا کر ارکانِ پارلیمنٹ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی  کے لیے ہونے والے احتجاج میں شریک ہوں گے اور پارلیمنٹ ہاؤس کے لان میں طلباء اور نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔

یکجہتی کشمیر کا مرکزی اجتماع ڈی چوک اسلام آباد میں ہوگا جہاں سرکاری اور نجی دفاتر کا عملہ، صنعتی و سیاسی رہنما، تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں کے وزراء اور مقامی سیاستدان بھی اکٹھے ہوں گے۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان بھی اراکین پارلیمنٹ کے ہمراہ اجتماع میں شریک ہوں گے۔

اس موقعے پر صدرِ مملکت  ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے قومی اسمبلی میں  بلایا گیا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس مؤخر کردیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر عوامی نمائندے، سیاستدان، سماجی رہنما اور قائدین اپنے اپنے حلقوں میں اظہارِ یکجہتی احتجاج کی قیادت کریں گے۔کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ملک کے ہر صوبے، ڈویژن اور ضلعے میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ احتجاج کے لیے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز جگہ کا تعین کریں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کہہ چکے ہیں کہ میں چاہتا ہوں تمام پاکستانی کشمیریوں سے اظہارِیکجہتی کے لیے انہیں واضح پیغام دیں کہ پوری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ کل دن 12 بجے سے 12:30 بجے تک گھروں سے نکلیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کل باہر نکل کر ہم کشمیری بھائیوں کو پیغام دیں گے کہ پوری پاکستانی قوم بھارتی سفاکیت اور 24 روز سے جاری غیر انسانی کرفیو کے خلاف ہے۔
مزید پڑھیں: آئیے کشمیریوں کو پیغام دیں کہ پوری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر اعظم

Related Posts