سوئی ناردرن گیس کمپنی (ایس این جی سی) نے مختلف صنعتی شعبہ جات کو 5 جولائی تک گیس کی سپلائی بند کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس این جی سی نے یہ اقدام گیس کی قلت کے پیشِ نظر اٹھایا، مختلف صنعتی شعبہ جات کو آج شب 12 بجے سے 5 جولائی تک گیس کی سپلائی معطل رہے گی۔
اس حوالے سے سوئی ناردرن گیس کمپنی کی طرف سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ان ایکسپورٹ انڈسٹری، سی این جی اور سیمنٹ سیکٹر کو گیس کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔
قبل ازیں ایس ایس جی سی نے کراچی کی صنعتوں کو 2 روز تک گیس کی سپلائی معطل کرنے کا اعلان کیا، تاہم گیس 2 روز بعد بھی بحال نہ ہوسکی، جس پر تاجر برادری نے بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالہادی نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے 2 دن کی بندش کے بعد وعدے کے مطابق سائٹ ایریا کراچی کی صنعتوں کی گیس بحال نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا۔
سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر نے 8 روز قبل وزیرِ اعظم سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے استدعا کی کہ وہ ایس ایس جی سی کو صنعتوں کو مکمل پریشر کے ساتھ فوری طوری پرگیس بحال کرنے کی سختی سے ہدایات جاری کریں بصورت دیگر صنعتکار اپنی فیکٹریاں شفٹ کرنے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔
عبدالہادی نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل میں مزید کہا کہ ایس ایس جی سی نے 2دن گیس بندش کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا مگر وعدے کے مطابق 2دن بعد بھی صنعتوں کی گیس بحال نہیں کی بلکہ کمپنی صنعتکاروں کو کوئی بھی مثبت جواب دینے سے گریزاں ہے۔
مزید پڑھیں: ایس ایس جی سی کی وعدہ خلافی، گیس2دن بعد بھی بحال نہ ہوسکی